ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

آج ملک کے 244  ضلعوں میں سول ڈیفنس ماک ڈرل کی جائے گی۔

آج ملک کے 244  ضلعوں میں سول ڈیفنس ماک ڈرل کی جائے گی۔ فائر سروسز، سول ڈیفنس اور ہوم گارڈز کے ڈائریکٹر جنرل وویک سریواستو نے کہا ہے کہ عام لوگوں کو اِس سے گھبرانا نہیں چاہیے کیونکہ یہ ایک تیاری کی مشق ہے اور انہیں رضاکاروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

آکاشوانی نیوز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی بیرونی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے لوگوں کو تیار کرنے کی مشق ہے۔

قومی راجدھانی دلّی میں تعلیم سے متعلق ڈائریکٹوریٹ نے تمام اسکولوں کے سربراہوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ آج طلبا اور اساتذہ کے لیے آفات سے نمٹنے کے لیے تربیتی سیشن کا اہتمام کریں۔ اِس سلسلے میں ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے تاکہ اسکولوں کو یہ سمجھنے میں مدد مل سکے کہ مناسب طور پر ماک ڈرل کیسے کی جائے۔ ملک گیر سطح پر بڑی ماک ڈرل کے ایک حصے کے طور پر، دلّی کے حکام، شہر کے 55 مقامات پر ”آپریشن ابھیاس“ کا انعقاد کریں گے۔ حکام نے کہا کہ اِس مشق کے دوران، مختلف ہنگامی حالات جیسے فضائی حملے، آگ نیز تلاش اور بچاؤ کی کارروائی کا اہتمام کیا جائے گا۔

تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ نے اپنے سرکلر میں کہا ہے کہ تمام اسکول ماک ڈرل مشق میں مکمل شرکت کو یقینی بنائیں گے اور دلی کی قدرتی آفات کی بندوبست کی اتھارٹی کی ٹیموں کے ساتھ، مکمل جذبے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ اِس مشق کا مقصد طلبا میں حفاظت، تیاری اور شہری ذمہ داری کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔

سرحدی ریاست پنجاب، آج سوِل ڈفینس ماک ڈرِل کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ یہ مشق ریاست کے 20 ضلعوں میں کی جائے گی، جس میں سرحدی ضلعے امرتسر، فیروز پور، گروداس پور، پٹھان کوٹ اور ترن تارن شامل ہیں۔ اس مشق کا مقصد، کسی بھی مخاصمانہ حملے کی صورتحال کے بارے میں لوگوں کو بیدار کرنا اور ضروری احتیاطی اقدام کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنروں نے لوگوں سے کہا ہے کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ یہ کسی بھی خطرے کے تناظر میں مختلف محکموں کے مابین تیاری اور تال میل پیدا کرنے کی مشق ہے۔

لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بلیک آؤٹ کے دوران بتّیاں نہ جلائیں۔ یہ بلاک آؤٹ، سائرن بجائے جانے کے بعد شروع ہوگا۔ لوگوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں نصب، CCTV کیمروں کی لائٹس بھی بند کر دیں۔

اگر وہ ڈرائیونگ کر رہے ہیں تو اپنی گاڑیوں کی لائٹس بھی بند کر دیں اور گاڑی کو سڑک کے کنارے کھڑا کر دیں۔

اس مشق میں بڑی تعداد میں NCC کیڈٹس اور دیگر افراد حصہ لیں گے۔ مہاراشٹر میں 10 ضلعوں کے 16 مقامات پر سول ڈیفنس ماک ڈرل کا اہتمام کیا جائے گا۔

حیدرآباد، ملک گیر سوِل دفاع کی مشق میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے، جو آج شام چار بجے ہوگی۔ یہ مشق  آؤٹر رنگ روڈ ORR کے اندر چار مقامات سکندرآباد، گول کنڈا، چھاؤنی کنچن باغ اور ناچارم میں منعقد ہوگی۔

یہ مشق فضائی حملے کی صورت میں سوِل دفاع خدمات کی تیاری کو جانچنے کے لیے کی جارہی ہے۔ دفاع کے خصوصی سیکریٹری اروند کمار نے کہا کہ حیدرآباد ملک میں ان 244 اضلاع میں سے ایک ہے، جسے سوِل دفاع کی ایک مشق آپریشن ابھیان کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک مشق ہے اور شام 4 بجے سے ساڑھے چار بجے کے درمیان، 2 منٹ کے لیے سائرن بجایا جائے گا اور لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

جنوب وسطی ریلوے کے تحت آنے والے کچی گُوڑا اور اورنگ آباد اسٹیشنوں پر بھی موک ڈرل منعقد کی جائے گی۔

گجرات میں سوِل ڈفینس ماک ڈرِل آج 18 ضلعوں میں کی جائے گی۔ گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سانگھوی نے بتایا کہ یہ مشق وڈودرا، سورت، تاپی، پٹن، بانسکانٹھا، احمد آباد، دوارکا، کَچھ، بھڑوچ اور دیگر ضلعوں میں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کے لیے ماک ڈرِل 4 بجے شروع ہوگی، جب سائرن کی آواز آئے گی۔ اس کے بعد شام ساڑھے سات بجے سے رات 8 بجے تک بلیک آؤٹ کیا جائے گا۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں