وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ملک کی بیرونی اور داخلی سلامتی کے درمیان توازن جتنا آج ضروری ہے اُتنا پہلے کبھی نہیں تھا، کیونکہ ملک 2047 تک وِکست بھارت کے مقصد کی جانب بڑھ رہا ہے۔ نئی دلّی میں پولیس کے یادگاری دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب سنگھ نے کہا کہ فوج اور پولیس مختلف پلیٹ فارمز پر کام کرتی ہیں، لیکن اُن کا مشن ایک ہے، ملک کی حفاظت کرنا۔ موجودہ دور کے چیلنجوں کے بارے میں جناب سنگھ نے کہا کہ معاشرے میں نئے قسم کے جرائم، دہشت گردی اور نظریاتی جنگیں سر ابھار رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم اب زیادہ منظم، غیر مرئی اور پیچیدہ ہوگئے ہیں اور اِن کا مقصد معاشرے میں انتشار پیدا کرنا، اعتماد کو زک پہنچانا اور ملک کے استحکام کو چیلنج کرنا ہے۔
جناب سنگھ نے زور دے کر کہا کہ پولیس، CRPF، BSF اور مقامی انتظامیہ کی مربوط اور منظم کوششوں نے اِس بات کو یقینی بنایا کہ متاثرہ علاقوں میں بائیں بازو کی انتہا پسندی میں اضافہ نہیں ہوا اور اِن علاقوں کے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ انہوں نے اِس یقین کا اظہار کیا کہ بائیں بازو کی انتہا پسندی کا مسئلہ اگلے سال مارچ تک ختم ہو جائے گا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اِس سال کئی کٹر نکسلیوں کا صفایا کردیا گیا ہے اور بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ ضلعوں کی تعداد کافی کم ہوگئی ہے۔ جناب سنگھ نے کہا کہ جو علاقے پہلے خطرے والے سمجھے جاتے تھے اب وہ ترقی والے علاقے بن گئے ہیں۔
اِس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیورو کے ڈائریکٹر Tapan Deka نے کہا کہ گزشتہ برس کے دوران 191 پولیس اہلکاروں نے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد سے کُل 36 ہزار 684 پولیس اہلکاروں نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں عظیم قربانی دی ہے۔ امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت Bandi سنجے کمار، داخلہ سکریٹری گووِند موہن اور پولیس محکمے کے سینئر افسروں نے بھی اِس تقریب میں شرکت کی۔