آج عاشورۂ محرم ملک کے مختلف حصوں میں عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ پیغمبر حضرت محمد ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ اور اُن کے جانثار ساتھیوں نے حق و صداقت اور انصاف کی سربلندی کیلئے میدانِ کربلا میں، جو عظیم قربانی پیش کی تھی، اُس کی یاد میں یہ دن منایا جاتا ہے۔
اِس موقع پر تعزیوں کے جلوس نکالے جارہے ہیں۔ دلّی میں جامع مسجد، حضرت نظام الدین، اوکھلا اور مہرولی سمیت مختلف مقامات پر تعزیوں کے جلوسوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اِس موقع پر مجالس بھی منعقد کی جارہی ہیں، جن میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ دلّی ٹریفک پولیس نے تعزیوں کے جلوسوں کے تعلق سے ایک ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ملک کے دیگر حصوں سے بھی یومِ عاشورہ منائے جانے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ اِس موقع پر سکیورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔
اِدھر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے حضرت امام حسینؓ کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر کہا کہ حضرت امام حسینؓ سچائی کے تئیں اپنے عہد پر عمل پیرا رہے اور لوگوں کو ناموافق اور مشکل حالات میں بھی حق و صداقت کو سربلند رکھنے کی تحریک دی۔ x