آج راجستھان کے شہر جے پور میں، پرواسی راجستھانی دیوس منایا جائے گا، جس میں ملک اور بیرونِ ملک کے، غیر رہائشی راجستھانی افراد یکجا ہوں گے۔ اِس شاندار تقریب میں 8 ہزار 700 سے زیادہ شرکاء نے اندراج کرایا ہے۔ اِس پروگرام میں ایک لاکھ کروڑ روپے مالیت کی سرمایہ کاری کی تجویزوں کا آغاز ہوگا۔ اِس کے علاوہ پرواسی راجستھانی پالیسی نیز بہت سی سرمایہ کاری کے فروغ کی پالیسیوں کا آغاز کیا جائے گا۔
گورنر ہری بھاؤ بگاڑے، پنجاب کے گورنر گلاب چند کٹاریہ، وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما، بہت سے مرکزی وزراء اور دیگر عوامی نمائندگان اِس پروگرام میں شرکت کریں گے۔
وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے پچھلے سال Rising Rajasthan Global Investment Summit کے دوران اعلان کیا تھا کہ ہر سال 10 دسمبر کو پرواسی راجستھانی دیوس منایا جائے گا۔ اِس ایک روزہ تقریب کا مقصد، بیرونِ ملک آباد راجستھانی برادری کے لوگوں کو یکجا کرنا اور اُن کی جڑوں سے اُن کی وابستگی کو پختہ کرنا ہے۔
اِس تقریب میں مختلف وزیروں اور اہلکاروں کے ساتھ ساتھ صنعت اور کاروبار کی سرکردہ شخصیات، متعلقہ ماہرین، سرمایہ کار اور مختلف شعبوں کے ممتاز افراد شرکت کریں گے۔ اِس کے علاوہ اِس پروگرام میں اہم موضوعات پر مبنی پرواسی راجستھانی مذاکرات اور کئی الگ الگ اجلاس بھی ہوں گے۔ بیرونِ ملک آباد راجستھان کے کچھ ممتاز افراد کو پرواسی راجستھانی سمّان بھی پیش کیا جائے گا، جنھوں نے بھارت اور بھارت سے باہر بھی قابل قدر کامیابی حاصل کی ہے۔