آج دنیا بھر میں پانی کی بچت اور اسے محفوظ رکھنے کا دن منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پانی کو محفوظ کرنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے ملک کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جناب مودی نے ایک ویڈیا جاری کیا ہے، جس میں پانی کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ دن منانے کا مقصد میٹھے پانی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور آبی وسائل کے پائیدار اور ٹھوس بندوبست کی ضرورت پر زور دینا ہے۔ یہ دن منانے کا ایک مقصد دنیا بھر میں پانی کے بحران سے نمٹنے کیلئے لوگوں میں بیداری پیدا کرنا اور انہیں اِس سلسلے میں اقدامات کی ترغیب دینا بھی ہے۔ پانی کے عالمی دن کا اِس سال موضوع ”گلیشیر کا تحفظ“ ہے کیونکہ گلیشیر دنیا میں تازہ پانی کی سپلائی برقرار رکھنے میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے اور آب و ہوا میں تبدیلی کے مد نظر اِسے محفوظ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔
بھارت کے پاس اپنی آبادی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے دنیا کے تازہ پانی کی قریب چار فیصد مقدار موجود ہے۔ پانی کی قلت سے نمٹنے اور پانی کے بہتر بندوبست کیلئے حکومت مختلف اسکیمیں اور اقدامات نافذ کررہی ہے۔ جل جیون مشن، اٹل بھوجل یوجنا اور امرت سروورمشن بھی انہی اقدامات کا حصہ ہیں۔ جل جیون مشن کے ذریعہ ملک بھر کے 15 کروڑ دیہی گھروں میں نل کے ذریعے پانی کے کنکشن فراہم کئے گئے۔ وہیں اٹل بھوجل یوجنا نے زیر زمین پانی کی گھٹتی سطح کے بارے میں بیداری پیدا کی۔ ساتھ ہی امرت سروور مشن نے آبی منبعوں کو بازیاب کیا۔ اس کے علاوہ پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا کا مقصد سینچائی کے لئے پانی کے موثر استعمال کو فروغ دینا ہے۔