آتشی، گوپال رائے، عمران حسین اور وشیش روی سمیت عام آدمی پارٹی کے 21 ایم ایل ایز کو، دلّی اسمبلی کے جاری اجلاس کے تین نشستوں کیلئے معطل کردیا گیا ہے۔ انھیں آج اسمبلی میں لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ کے خطاب کے دوران ان کے غیرمناسب برتاؤ کی وجہ سے معطل کیا گیا۔ اس سلسلے میں دلّی کے وزیر پرویش صاحب سنگھ نے اپوزیشن کے ان MLAs کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے ایک تحریک پیش کی جسے صوتی ووٹ کے ذریعے ایوان میں منظور کیا گیا۔ جب آج صبح لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ ایوان سے خطاب کر رہے تھے تو اپوزیشن کے اراکین نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور بھگت سنگھ کی تصویروں کو دلّی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے چیمبرس سے مبینہ طور پر ہٹانے کیلئے نعرے بازی شروع کردی۔ حکمراں بی جے پی اس الزام کی پہلے ہی تردید کی ہے۔شور شرابے کے دوران، اسپیکر وجیندر گپتا نے بار بار ایوان میں معمول کی صورتحال برقرار رکھنے پر زور دیا، لیکن اپوزیشن کے ارکان نے اپنا احتجاج جاری رکھا۔ بعد میں اسپیکر نے احتجاج کر رہے بہت سے عام آدمی پارٹی کے ارکان قانون ساز اسمبلی کو، ان کے غیرمناسب برتاؤ کیلئے، ایوان سے ایک دن کیلئے معطل کردیا۔ اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ دلّی کی سرکار پالیسی رہنمائی کیلئے دستاویز کے طور پر، وکست دہلی سنکلپ منظور کرے گی اور عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ بدعنوانی سے پاک حکمرانی، خواتین کو بااختیار بنانے، صاف دلّی، یمنا کی صفائی کرنے اور صاف ستھرا پینے کا پانی فراہم کرنا نئی سرکار کے اہم توجہ کے شعبے ہیں۔ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ عام آدمی پارٹی MLAs نے اپنی معطلی سے متعلق فیصلے پر اسمبلی کے باہر احتجاج کیا۔ اسی دوران، دلّی اسمبلی کا اجلاس مزید دو دن کیلئے بڑھا دیا گیا ہے۔
Site Admin | February 25, 2025 9:28 PM
آتشی سمیت عام آدمی پارٹی کے 21 ارکانِ اسمبلی کو دلّی اسمبلی کے جاری اجلاس کی تین نشستوں کیلئے معطل کر دیا گیا ہے