کَل ملک بھر کے 244 اضلاع میں سول ڈیفنس ماک ڈرلس کے پیش نظر آگ بجھانے کے عملے، سول ڈیفنس اور ہوم گارڈس کے ڈائریکٹر جنرل وویک سریواستو نے کہا ہے کہ عام لوگوں میں افراتفری نہیں پیدا ہونی چاہئے کیونکہ یہ ایک تربیتی مشق ہے اور اُنھیں رضاکاروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے۔ آکاشوانی نیوز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ یہ مشق کسی بیرونی خطرے سے نمٹنے کیلئے لوگوں کو تیار کرنے کیلئے ہے۔
مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن نے کَل سول ڈیفنس ماک ڈرل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کی خاطر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریوں کے ساتھ آج ایک میٹنگ کی۔ قومی راجدھانی میں اِس میٹنگ میں دیگر سینئر عہدیداران کے علاوہ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل صاحبان اور قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق فورس نے شرکت کی۔ کَل مرکز نے ملک میں سول ڈیفنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ریاستوں سے ماک ڈرل کرنے کو کہا تھا۔ ملک کے 244 متعلقہ سول ڈیفنس اضلاع میں سول ڈیفنس ایکسرسائز اور ریہلسل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مشق کو گائوں کی سطح تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سول ڈیفنس مشق کا مقصد مختلف سول ڈیفنس اقدامات کے سلسلے میں تال میل کا جائزہ لینا ہے۔
مہاراشٹر میں کل 16 شہروں میں سول ڈیفنس ماک ڈرل کی تیاریاں پوری کرلی گئی ہیں۔ اِن شہروں میں ممبئی، تاراپور، اور Uran جیسے انتہائی حساس مقامات کے علاوہ تھانے، پُنے، ناشک، پمپری چنچواڑ، چھترپتی سمبھاجی نگر، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو دُرگ شامل ہیں۔
اترپردیش میں بھی سول ڈیفنس ماک ڈرل کا اہتمام کیا جائے گا۔ اترپردیش کے ضلع بلند شہر کی اے زمرے کے تحت نشاندہی کی گئی ہے جبکہ باغپت اور مظفرنگر سی زمرے کے تحت اِس ڈرل کا اہتمام کریں گے۔ آگرہ، الہ آباد، بریلی، غازی آباد، گورکھپور، جھانسی، کانپور، لکھنؤ، متھرا، میرٹھ، مرآباد، سہارنپور اور وارانسی کو بی زمرے میں رکھا گیا ہے۔ اترپردیش کے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل پرشانت کمار نے کہا ہے کہ تاہم ماک ڈرل کیلئے 19 اضلاع کی نشاندہی کی گئی ہے لیکن سبھی ضلعوں کیلئے ایک جامع ریہلسل کی جائے گی۔
اِس مشق میں پولیس، آگ بجھانے سے متعلق خدمات اور قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق مختلف ایجنسیاں شامل رہیں گی۔ اِس ڈرل کا مقصد ہنگامی اور قدرتی آفات کی صورتحال میں تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔
بہار میں پٹنہ، پورنیا، کٹیہار، کشن گنج، ارریہ اور بیگوسرائے میں سول ڈیفنس ماک ڈرل کا اہتمام کیا جائے گا۔ پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ نے مطلع کیا کہ پٹنہ میں 80 مقامات پر کَل شام سات بجے سے سات بجکر 10 منٹ تک یہ مشق کی جائے گی۔
Site Admin | May 6, 2025 9:51 PM
کَل ملک بھر کے244 اضلاع میں سول ڈیفنس ماک ڈرل کا اہتمام کیا جائے گا۔ مرکز نے اس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کی خاطر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ میٹنگ کی
