کانگریس پارٹی کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز تنظیم،سینٹرل ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کل احمدآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل میموریل میں ہوگی۔ وہیں 9 اپریل کو سابرمتی ریور فرنٹ میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی، AICC کے اجلاس کا انعقاد ہوگا۔
آج احمدآباد میں اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس کے ذرائع ابلاغ اور رابطہ عامہ کے محکمے کے چیئرمین پون کھیڑا نے کہا کہ آزادی کے بعد سے یہ کانگریس پارٹی کا گجرات میں دوسرا AICC کا اجلاس ہوگا، جو مہاتما گاندھی کے پارٹی کی صدارت سنبھالنے کے 100 سال مکمل ہونے اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کے 150 ویں یوم پیدائش پر منعقد کیا جارہا ہے۔
اِس دوران 9 اپریل کو سابرمتی ریورفرنٹ پر منعقد ہونے والے AICC اجلاس میں ملک بھر سے تین ہزار سے زیادہ مندوبین کی شرکت کا امکان ہے جِن میں قومی صدر ملکا رجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، گانگریس کی حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، ریاستی صدور، CWC اراکین اور خصوصی مدعوئین شامل ہیں۔
اس سے پہلے 8 اپریل کو CWC میٹنگ کا انعقاد ہوگا جس میں پارٹی کے سینئر رہنما مستقبل کے نقشہ راہ پر تبادلہئ خیال کریں گے۔X