پارٹی وابستگی سے قطع نظر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے جموں وکشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی شدید طور پر مذمت کی ہے۔ مرکزی وزیر اور بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا نے کہاہے کہ اِس بزدلانہ حملے میں بے قصور شہریوں کو وحشیانہ طریقے سے نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ سوشل میڈیا کے ایک پوسٹ میں انہوں نے کہاکہ نریندرمودی حکومت نے دہشت گردی کو بالکل برداشت نہ کرنے کی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے اور اِس حملے میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ذاتی طور پر صورتحال پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہاکہ بے قصور شہریوں پر یہ حملہ ایک بزدلانہ حرکت ہے اور اِس کی شدید طور پر مذمت کی جانی چاہیے۔
اطلاعات ونشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے بھی اِس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے اور متاثرین کے کنبوں سے اپنی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ اور تیلگو دیشم پارٹی کے سربراہ چندربابو نائیڈو نے تشدد کی اِس جنونی حرکت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہاہے کہ سرحد پار دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی خاطر پورا ملک متحد ہے۔ اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی نے کہاہے کہ پہلگام کے بزدلانہ حملے میں کئی سیاحوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی خبر دل کو تکلیف پہنچانے والی ہے اور اِس کی شدید مذمت ہونی چاہیے۔ جناب گاندھی نے کہاکہ پورا ملک دہشت گردی کے خلاف ایک ساتھ ہے۔ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی اور سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی اِس واقعے کی مذمت کی ہے۔