حکومت آج لوک سبھا میں غوروخوض اور منظوری کے لیے وقف (ترمیمی) بل 2024 پیش کر ے گی۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے، جن کے پاس اقلیتی اُمور کی وزارت کا قلمدان بھی ہے، کہا کہ ایوان میں بل پر بحث کے لیے آٹھ گھنٹے مختص کیے گئے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جناب رجیجو نے کہا کہ حکومت ایوان میں بل سے متعلق تمام سوالوں کا جواب دینے کے لئے تیار ہے۔
BJP نے اپنے تمام ارکان پارلیمنٹ کو لوک سبھا میں موجود رہنے کے لیے وہپ جاری کیا ہے۔ NDA کی حلیف جماعتوں جنتا دل (یو) اور تیلگو دیشم پارٹی نے بھی اپنے ارکان پارلیمنٹ کو ایوان میں موجود رہنے اور حکومت کے موقف کی حمایت کرنے کے لیے وہپ جاری کیا ہے۔
کانگریس نے بھی اپنے تمام ممبران پارلیمنٹ کو ایوان میں موجود رہنے کے لیے وہپ جاری کیا ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں I.N.D.I.A. بلاک کے لیڈروں نے کل نئی دلی میں وقف (ترمیمی) بل پر اپنی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کے لیے میٹنگ کی۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ اِس بل کا بنیادی مقصد وقف جائیدادوں کے انتظام اور بندوبست میں خامیوں کو دور کرنا ہے۔
یہ بل گزشتہ سال اگست میں لوک سبھا میں پیش کیا گیا تھا۔ اِس بل کو مزید غور و خوض کے لیے BJP کے رکن پارلیمنٹ جگدمبیکا پال کی سربراہی میں تشکیل کردہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا گیا تھا۔
کمیٹی نے کُل 36 میٹنگیں کیں، جس میں مذکورہ کمیٹی نے مختلف وزارتوں اور محکموں کے ساتھ ساتھ اہم اداروں کے نمائندوں کے خیالات اور تجاویز کو سنا۔ کمیٹی کو فزیکل اور ڈیجیٹل دونوں وسیلوں سے مجموعی طور پر 97 لاکھ سے زیادہ تجاویز موصول ہوئیں۔
Site Admin | April 2, 2025 9:44 AM
وقف ترمیمی بِل 2024 آج لوک سبھا میں غور و خوض اور منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔
