وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج قومی پنچایتی راج کے دن کے موقع پر بہار کے مدھوبنی ضلعے میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا۔ اپنا خطاب شروع کرنے سے قبل وزیر اعظم نے، اُن لوگوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے کچھ دیر خاموشی اختیار کی، جو پہلگام کے دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے ہیں۔ اِس سے قبل وزیر اعظم نے 13 ہزار 480 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا، سنگِ بنیاد رکھا اور ملک کے نام وقف کیا۔
جناب مودی نے پنچایتی راج کے قومی دن کے موقع پر ایک پروگرام میں شرکت کی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پنچایتوں کو ترغیب دیتے ہوئے قومی پنچایت ایوارڈس پیش کئے۔ جناب مودی نے بہار کے اپنے دورے کے دوران 870 کروڑ روپے مالیت کے ریل پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور چار ریل گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ گذشتہ دہائی میں ملک کی پنچایتوں کو بااختیار بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پنچایتوں کو مستحکم بنایا گیا ہے۔