وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ماریشس کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران وہاں کے وزیراعظم نوین رام غلام کے ساتھ وفدوں کی سطح پر بات چیت کی ہے۔ میٹنگ کے دوران دونوں وزرائے اعظم نے آٹھ مفاہمت ناموں اور سمجھوتوں کا تبادلہ کیا۔ اِن کا تعلق مقامی کرنسی کی تبادلے سے متعلق طریقہ کار، قرضے میں سہولت کے بندوبست، سفارت کاروں کے تربیتی پروگرام اور مالی جرائم وغیرہ سے نمٹنے سے ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے 20 اجتماعی ترقیاتی پروجیکٹوں اور صحت سے متعلق مراکز کی بھی شروعات کی۔ میٹنگ کے بعد وزیراعظم مودی نے ماریشس کے وزیراعظم نوین رام غلام کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اِس موقع پر جناب مودی نے کہا کہ بھارت اور ماریشس نہ صرف بحرہند سے وابستہ ہیں، بلکہ ہماری روایات اور ثقافت بھی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ وزیراعظم ماریشس کے قومی دن کی تقریبات میں شرکت کررہے ہیں۔
وزیراعظم مودی نے دونوں ملکوں کے درمیان کچھ پروجیکٹوں کی شروعات اور مفاہمت ناموں کے تبادلے کے بعد ایک اخباری بیان میں کہا کہ بھارت ماریشس میں نئی پارلیمنٹ کی عمارت کی تعمیر میں تعاون کرے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ آزادانہ، کھلا اور محفوظ بحرہند بھارت اور ماریشس کی اوّلین ترجیح ہے۔ بھارت نے ماریشس کے خصوصی اقتصادی منطقے کی سلامتی کو یقینی بنانے کا تہیہ کررکھا ہے۔×