وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت پر کسی بھی طرح کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور دہشت گردوں اور اُن کے آقاؤں کے درمیان کوئی فرق نہیں کیا جائے گا۔ جناب مودی نے ایک اخبار کیلئے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے تحریر کردہ ایک مضمون کے تعلق سے یہ بات کہی۔ وزیرِ اعظم نے سرحد پار کی دہشت گردی کو بالکل برداشت نہ کرنے کے بھارت کے موقف کا اعادہ کیا۔
اپنے مضمون میں جناب راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کی شہ پر ہونے والی دہشت گردی کو بالکل برداشت نہ کرنے کے بھارت کے موقف کو اجاگر کیا ہے اور اِس کے خلاف جوابی کارروائی کا یقین دلایا ہے۔
وزیرِ دفاع نے اِس بات پر بھی زور دیا ہے کہ بات چیت اور دہشت گردی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے اور پاکستان کے ساتھ مستقبل میں ہونے والی کوئی بھی بات چیت صرف دہشت گردی اور پاکستان کے قبضے والے کشمیر پر ہوگی۔ جناب سنگھ نے اِس بات کا بھی تذکرہ کیا ہے کہ اگر پاکستان سنجیدہ ہے تو اُسے حافظ سعید اور مسعود اظہر جیسے اقوامِ متحدہ کی فہرست میں شامل دہشت گردوں کو حوالے کردینا چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی صرف بھارت کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا موثر انداز سے خاتمہ کرنے کیلئے دنیا کے ملکوں کو قسطوں میں کی گئی کوششوں سے آگے بڑھ کر قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ x