وزیراعظم نریندر مودی نے مختلف وزارتوں اور محکموں کے سکریٹریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے کام کاج کا جامع جائزہ لیں اور ضروری نظام کے پختہ انداز سے کام کرنے کو یقینی بنائیں۔ اس کے تحت تیاری، ایمرجنسی اقدامات اور داخلی مواصلاتی طور طریقوں پر خاص توجہ دی جائے۔
جناب مودی نے کہا کہ چونکہ ملک ایک اہم مرحلے سے گزر رہا ہے، اس لئے لگاتار مستعدی، چوکسی، ادارہ جاتی تال میل اور واضح مواصلات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے قومی سلامتی، کارروائی سے متعلق تیاری اور لوگوں کی سلامتی کے تئیں سرکار کے عہد کو دوہرایا۔
وزیراعظم نے آج مختلف وزارتوں اور سرکار کے محکموں کے سکریٹریوں کے ساتھ اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی صدارت کی۔
ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ قومی سلامتی کے تعلق سے موجودہ حالات و واقعات کے تناظر میں ملک کی تیاریوں اور بین وزارتی تال میل کا جائزہ لینے کیلئے یہ میٹنگ ہوئی تھی۔
آج کی اعلیٰ سطح کی میٹنگ کے دوران سِول ڈیفنس کے نظام کو مستحکم بنانے، غلط معلومات اور فرضی خبروں کا توڑ کرنے کی کوششوں، اہم بنیادی ڈھانچے کی سیکورٹی کو یقینی بنانے اور ریاستی حکام اور دیگر اداروں کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھے جانے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جناب مودی نے موجودہ حالات سے نمٹنے کے لئے مختلف وزارتوں کی منصوبہ بندی اور تیاری کا جائزہ بھی لیا۔
ادھر بھارت نے OTT اور میڈیا Streaming پلیٹ فارمس کے ساتھ ساتھ بھارت میں کام کرنے والے دیگر اداروں سے کہا ہے کہ وہ ایسی ویب سیریز، فلمیں اور دیگر پروگرام فوری طور پر بند کردیں، جو پاکستان میں بنائے گئے ہوں۔
اطلاعات و نشریات کی وزارت نے پہلگام کے دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں قومی سلامتی کے مفاد کا حوالہ دیتے ہوئے اِن اداروں کو ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ وزارت نے اُنھیں یہ صلاح دی ہے کہ وہ پاکستانی ویب سیریز، فلمیں، نغمے، پوڈکاسٹ اور دیگر پروگرام دکھانا بلاتاخیر بند کریں۔