وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ جب نوجوان قوم کی تعمیر میں حصہ لیتے ہیں، تب ملک تیزی سے ترقی کرتا ہے اور دنیا میں بھی اپنا مقام حاصل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی سخت محنت اور اختراع کے سبب آج ملک کا نوجوان دنیا کو یہ دکھا رہا ہے کہ اُس کے اندر کتنی صلاحیت ہے۔ وزیراعظم آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ مختلف سرکاری محکموں میں نئے بھرتی کئے گئے نوجوانوں کو 51 ہزار سے زیادہ تقرر نامے تقسیم کرنے کے بعد روزگار میلے میں اظہار خیال کررہے تھے۔ جناب مودی نے کہا کہ جن نوجوانوں نے آج تقرر نامے حاصل کئے ہیں، اُن پر ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے، داخلی سلامتی، جدید بنیادی ڈھانچے کے فروغ اور مزدوروں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی بڑی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کچھ ہی دنوں میں ورلڈ آڈیو Visual اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ WAVES 2025 ممبئی میں منعقد ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مرکز بھی ملک کے نوجوان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خواتین افسر شاہی، خلاء اور سائنس کے شعبے میں نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت دیہی خواتین کو بااختیار بنانے پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کررہی ہے۔ 15 واں روزگار میلہ آج ملک بھر کے 47 مقامات پر منعقد کیا گیا۔