امورِ خارجہ کی وزارت نے امریکہ، اسرائیل اور اسپین کے سفیروں کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں آج دلّی میں تفصیلات سے واقف کرایا۔ بھارت میں اسرائیل کے سفیر Reuven Azar نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ یکسر تبدیلی لانے والا لمحہ ہے اور اس گھڑی میں اسرائیل، بھارت کے ساتھ کھڑا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انہوں نے دہشت گردی اور دو طرفہ تعلقات کے موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا۔
ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ بھارت نے دیگر ممالک کو اس دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں مطلع کرنے کیلئے وسیع پیمانے پر سفارتی مہم شروع کی ہے۔
وزارت خارجہ نے نئی دلّی کے ساؤتھ بلاک میں چنندہ ممالک کے سفیروں کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بارے میں واقف کرایا۔ ان ممالک میں جرمنی، جاپان، پولینڈ، برطانیہ اور روس کے سفارتکار شامل تھے۔ آج کئی غیر ملکی سفارتکاروں نے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے اسرائیل کے سفیر Reuven Azar سے ملاقات کی اور سرحدپار دہشت گردی سے لڑنے میں اسرائیل کی غیرمتزلزل حمایت کی ستائش کی۔ انہوں نے ارجنٹینا کے سفیر سے بھی ملاقات کی اور ارجینٹینا کی جانب سے پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کا خیر مقدم کیا۔
مصر کے سفیر Kamal Zayed نے بھی ڈاکٹر جے شنکر سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کرنے پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے دہشت گردی سے لڑنے میں مصر کی حمایت کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے میں ایک نیپالی شہری کے مارے جانے پر نیپال کے سفیر شنکر شرما سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
Site Admin | April 25, 2025 10:07 PM
وزارت خارجہ نے امریکہ، اسرائیل اور اسپین کے سفیروں کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں واقف کرایا
