بھارت اپنے خلائی سفر میں ایک انتہائی اہم باب رقم کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ اگلے ماہ بین الاقوامی خلائی مشن، ایک بھارتی خلا باز کو اپنے ساتھ خلا میں لے جائے گا۔ خلا اور ایٹمی توانائی کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بھارت کی خلائی تحقیق کی تنظیم اِسرو میں آنے والے چند مہینوں میں مستقبل کے اہم منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلیٰ سطح کی میٹنگ کے بعد یہ اعلان کیا۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ یہ مشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک کسی بھارتی کا پہلا سفر ہوگا اور 1984 میں راکیش شرما کی تاریخی پرواز کی چار دہائیوں کے بعد خلا میں کسی بھارتی خلا باز کا پہلا سفر ہوگا۔
آنے والی انسانی خلائی پرواز اور اسرو کے کئی اہم مشنوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے بتایا کہ بھارت اپنے اگلے خلائی سنگ میل کیلئے طوری طرح تیار ہے۔
انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی ممالک کے ساتھ شراکت داری اور گگن یان جیسے پروجیکٹوں میں آئی اہم پیشرفت خلائی ٹیکنالوجی میں عالمی لیڈر بننے کے بھارت کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ وزیر موصوف نے زور دے کر کہا کہ یہ تمام کوششیں اپنی نوعیت کے اعتبار سے صرف سائنسی نہیں ہیں بلکہ یہ ایک ترقی یافتہ اور خودکفیل بھارت کے تصور سے بھی وابستہ ہیں۔
خلائی محکمے کے سکریٹری اور اِسرو کے چیئرمین ڈاکٹر وی نارائنن نے بتایا کہ بھارتی فضائیہ کے گروپ کیپٹن شُبھانشو شُکلا Axiom خلا کےAx-4 مشن کے ایک حصے کے طور پر اگلے ماہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک پرواز کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
Site Admin | April 18, 2025 10:01 PM
ملک، بھارتی خلا باز کی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک اگلے ماہ طے کی گئی پرواز کے ذریعے تاریخ رقم کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے
