بھارتی موسمیات محکمے IMD نے جموں وکشمیر، لداخ، گلگت، بلتستان اور مظفرآباد میں کَل تک شدید سے بہت شدید بارش اور تیز ہوائوں کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ IMD نے کہا ہے کہ کَل آسام، میگھالیہ، چھتیس گڑھ، کونکن، گوا، مدھیہ مہاراشٹر اور تلنگانہ میں بھی شدید سے بہت شدید بارش کا کافی امکان ہے۔ انڈومان ونکوبار جزائر، آندھراپردیش، کرناٹک، کیرالہ، ماہے، لکشدیپ، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں کہیں کہیں بہت تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اِس دوران، موسمیات کے محکمے نے کہا ہے کہ دلّی NCR میں ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے۔
جموں وکشمیر میں جموں خطے میں کَل رات سے مسلسل بارش کے سبب معمولاتِ زندگی درہم برہم ہے۔ مختلف مقامات پر پانی جمع ہوگیا ہے جس سے لوگوں کو پریشانی ہو رہی ہے۔ موسمیات کے محکمے نے 24 جولائی تک کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے کے 12 اضلاع کیلئے ہلکے سے اوسط اچانک سیلاب کے خطرے کے پیش نظر وارننگ جاری کی گئی ہے۔
جموں خطے میں کل رات سے مسلسل بارش کے سبب مختلف مقامات پر کئی سڑکیں پانی میں ڈوپ گئی ہیں۔ بجلی کے کھمبوں اور تاروں کو نقصان پہنچنے سے کئی شہروں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ اس دوران، جموں-پونچھ قومی شاہراہ کو Madana علاقے میں چٹانوں کے ٹکڑے گرنے کی وجہ سے موٹرگاڑیوں کیلئے بند رکھا گیا۔ ریاسی اور راجوری اضلاع کے سبھی نجی اور سرکاری اسکول بند رہے۔ موسمیات سے متعلق مقامی محکمے نے 24 جولائی تک شدید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ قومی آفات کے بندوبست سے متعلق جموں وکشمیر اتھارٹی نے اچانک سیلاب کے خطرے کیلئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ لوگوں سے دریائوں اور جھرنوں کے قریب نہ جانے اور کسی ہنگامی صورتحال میں 112 ڈائل کرنے کو کہا گیا ہے۔
اتراکھنڈ میں پتھوڑا گڑھ ضلع میں Lamari کے نزدیک چٹانوں کے ٹکڑے گرنے کے سبب کیلاش مانسروور یاترا کے راستے میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔ بارڈر روڈ آرگنائزیشن راستے کو بحال کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ اِس دوران، بھارتی موسمیات محکمے نے آئندہ 24 گھنٹے کیلئے دہرہ دون، پوڑی اور ٹھہری اضلاع میں کہیں کہیں شدید بارش کیلئے Yellow الرٹ جاری کیا ہے۔ کیرالہ میں بھی IMD نے کَل 9 اضلاع میں شدید بارش کیلئے Yellow الرٹ جاری کیا ہے۔ شدید بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر جمعہ تک کیرالہ اور لکشدیپ کے ساحلوں پر ماہی گیری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔