بھارت نے زور دے کر کہا ہے کہ 22 اپریل کو پہلگام کے دہشت گردانہ حملے کے واقعے سے کشیدگی شروع ہوئی ہے اور بھارت محض جوابی کارروائی کررہا ہے۔ آج سہ پہر نئی دلی میں آپریشن سندور کے بارے میں ایک خصوصی بریفنگ کے دوران خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے کہا کہ بھارت کی منشا معاملات کو طول دینے کی نہیں رہی ہے اور پاکستان میں صرف دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ہی نشانہ بنایا گیا۔
خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے کہا کہ دنیا کے مختلف حصوں میں دہشت گردانہ حملوں سے یہ صاف ظاہر ہے کہ پاکستان عالمی دہشت گردی کا مرکز ہے۔
انھوں نے یہ تنبیہ کی کہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی طرح کی مزید کارروائی کشیدگی بڑھانے کے سِوا کچھ نہیں اور اِس کا معقول جواب دیا جائے گا۔
خارجہ سکریٹری نے بتایا کہ جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پہلگام حملے پر بات ہورہی تھی، تو پاکستان نے اخباری بیان میں The Resistance Front (TRF) کا تذکرہ کئے جانے کی مخالفت کی تھی۔ جبکہ یہ بات قابل ذکر ہے کہ TRF پہلے ہی اس حملے کی ذمہ داری قبول کرچکا تھا۔
جناب مسری نے کہا کہ پاکستان نے کل پُنچھ میں ایک گرودوارے اور سکھ برادری کے ارکان کو نشانہ بناکر حملہ کیا۔