بھارتی فضائیہ نے جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے سیلاب اور مٹّی کے تودے کھسکنے سے متاثرہ علاقوں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پہنچانے کی ایک بڑی کارروائی انجام دی ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر بھارتی فضائیہ کی مغربی ایئر کمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے اودھم پور میں مٹّی کے تودے کھسکنے سے متاثرہ علاقوں میں بھارتی فضائیہ نے ایک جرأت مندانہ مشن کے تحت ہیلی کاپٹروں کے ذریعے 5 اعشاریہ 9 ٹن زندگی بچانے والی خوراک پہنچائی ہے۔ ہماچل پردیش میں تیزی کے ساتھ اور بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے 540 افراد کو بچا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ یہ سب محض 17 گھنٹے کے غیر معمولی آپریشن میں انجام دیا گیا۔ اس مشن کو کامیاب بنانے کے لیے 4 ہیلی کاپٹر اور 35 اہلکار دن رات کام کرتے رہے ہیں۔
اودھم پور سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہے، جو شدید بارش، اچانک سیلاب اور بڑے پیمانے پر مٹّی کے تودے کھسکنے کے واقعات سے نبردآزما ہے۔ بھارتی فوج، قدرتی آفات کی صورت میں کام کرنے والی قومی فورس NDRF اور قدرتی آفات کی صورت میں کام کرنے والی ریاستی فورس SDRF نے جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ یہ امدادی کارروائیاں اُس وقت تک جاری رہیں گی، جب تک کہ مواصلات مکمل طور پر بحال نہیں ہو جاتے اور محفوظ مقامات پر پھنسے ہوئے لوگوں کی بازآبادکاری نہیں کر دی جاتی۔×