اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں، خلاء نورد شبھانشو شکلا کے خیر مقدم کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر تاریخی مشن کی کامیابی کے بعد آج اپنے وطن کا یہ اُن کا پہلا دورہ ہے۔
لکھنؤ میں گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا کو آج اُن کے وطن میں شاندار استقبالیہ دینے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا کے اسکول کی طرف سے ایک وِکٹری پریڈ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ پریڈ ہوائی اڈّے سے گومتی نگر علاقے تک جائے گی۔ اُن کے اسکول نے بھی ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا ہے، جس کے تحت 63 ہزار طلباء، اُن کے اعزاز میں، ایک مارچ میں حصہ لیں گے۔ اتر پردیش سرکار کا سائنس و ٹیکنالوجی کا محکمہ بھی ایک شاندار تقریب کا اہتمام کرے گا، جہاں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا کا خیر مقدم کریں گے۔
جناب یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ خلاء میں بھارت کا پرچم بلند کرنا، ہر ایک شہری کے لیے فخر کی بات ہے اور شبھانشو کی عزت افزائی سے، آئندہ نسلوں کو جذبہ ملے گا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں اور انہیں حقیقت میں تبدیل کریں۔