ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

August 6, 2025 9:54 PM

printer

اتراکھنڈ میں اترکاشی ضلعے کے اچانک سیلاب سے متاثرہ دھرای گاؤں سے تقریباً 190 افراد کو بچایا گیا ہے۔ بڑے پیمانے پر راحت اور بچاؤ کارروائی جاری ہے

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے آج کہا کہ کل بادل پھٹنے کے تباہ کن واقعے کے بعد خطے کی کھیری گنگا ندی میں اچانک سیلاب آنے کے سبب اتراکاشی ضلع کے آفت زدہ دھرالی گاؤں میں تقریباً 190 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ مرکز اور ریاستی حکومت متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرُعزم ہیں۔

جناب دھامی نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور متاثرین کی خیریت دریافت کی اور انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ انہوں نے امدادی کارروائیوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور وہاں پر تعینات راحت اور بچاؤ عملے سے ملاقات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کئی علاقوں میں مٹی کے تودے کھسکنے کی وجہ سے سڑکوں پر آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ضلع میں فوج، NDRF، SDRF، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ٹیمیں مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر متاثرہ شخص تک امداد پہنچانا اور جلد از جلد معمولات زندگی کو بحال کرنا، ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ کوئی بھی متاثرہ کنبہ امداد سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 190 افراد کو فوجی اہلکاروں نے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

اس سے قبل جناب دھامی نے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کیا۔ امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے دو  ہیلی کاپٹر تعینات کیے گئے ہیں تاکہ ضروری غذائی اشیاء اور دیگر امدادی سامان کو دھرالی علاقے تک پہنچایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، سڑکوں کی مرمت، ملبہ ہٹانے اور دیگر اہم کاموں کے لیے بھارتی فضائیہ کے Chinook ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بھاری مشینری پہنچائی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعلیٰ دھامی سے فون پر بات کی اور مرکزی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

ادھر بھارتی فوج نے کہا ہے کہ بادل پھٹنے کے واقعے کے بعد ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر JCO اور 8 جوان لاپتہ ہیں۔

فوج نے بتایا کہ انسانی امداد اور آفات سے نمٹنے کی تیز رفتار اور مربوط کارروائی جاری ہے۔ تلاش، بچاؤ اور امدادی کاموں کے لیے انفینٹری اور انجینئرنگ ٹیموں سمیت 225 سے زیادہ فوجی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ملبہ صاف کرنے اور آمدورفت کی بحالی میں مدد فراہم کرنے کیلئے جنگ کے دوران کام کرنے والے انجینئرس بھی دھرالی پہنچ گئے ہیں۔

فوج نے بتایا کہ Harsil میں فوجی ہیلی پیڈ کام کر رہا ہے اور تین سول ہیلی کاپٹرز Bhatwari اور Harsil میں پہنچ چکے ہیں، جہاں سے زخمیوں کو نکالا جا رہا ہے اور امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ فوج کے مطابق Bhatwari، Linchigad اور Gangrani کے قریب اہم سڑکیں سیلاب میں بہہ گئی ہیں، جس سے آمد و رفت بری طرح متاثر ہے۔

مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے دھرالی میں سول   ہیلی پیڈ کام نہیں کر رہا ہے۔ x

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں