اتراکھنڈ میں، اتراکاشی ضلعے کے قدرتی آفت سے متاثرہ دھرالی-ہرسِل علاقوں میں راحت اور بچاؤ کارروائیاں زور و شور سے جاری ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کی ایجنسیاں راحت رسانی، لاپتہ افراد کو تلاش کرنے اور بنیادی سہولتیں بحال کرنے میں مصروف ہیں۔ اس دوران قدرتی آفت سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے عقیدتمندوں اور مقامی شہریوں کو بچانے کا کام فوج، NDRF، SDRF، پولیس اور مقامی انتظامیہ کے تعاون سے جاری ہے۔ اب تک 629 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ مہاراشٹر سے آئے ایک عقیدتمند نے فوج اور ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ضلع مجسٹریٹ پرشانت آریہ نے بتایا کہ ہر متاثرہ خاندان کو فوری امداد کے طور پر 5 ہزار روپے فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نقصان کی تفصیلی رپورٹ تیار ہونے کے بعد ضروری مدد جلد ہی جاری کی جائے گی۔
دوسری جانب اتراکھنڈ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دیپم سیٹھ نے جمعہ کے روز آفت سے متاثرہ ہرسِل-دھرالی علاقے کا دورہ کیا اور راحت اور بچاؤ کارروائیوں کا معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے بتایا کہ اس سانحے میں لاپتہ افراد کو جلد از جلد تلاش کرنا، اولین ترجیح ہے۔
اس دوران DGP نے دھرالی واقعے کے بارے میں سوشل میڈیا پر گمراہ کُن معلومات پھلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ ×