12 شدت پسند نکسلیوں نے، جن پر مجموعی طور پر ایک کڑور روپے سے زیادہ کا انعام تھا، کَل حفاظتی دستوں کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے، خود سپردگی کردی۔ اِن لوگوں نے خودسپردگی ریاست کے گڈچرولی ضلعے میں کی۔ اِس موقع پر مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس موجود تھے۔
وزیراعلیٰ فڑنویس نے کہاکہ مہاراشٹر میں ایسے نکسلی بہت ہی کم ہیں، جو سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بقیہ باغیوں کیلئے بھی یہ پیغام ہے کہ وہ یا تو ہتھیار ڈال دیں یا کارروائی کا سامنا کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ انہیں یا تو گرفتار کرلیا جائے گا یا ہلاک کردیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگر وہ ہتھیار ڈال دیتے ہیں تو ان کی باز آباد کاری سرکاری پالیسی کے تحت کی جائے گی۔
جناب فڑنویس نے 13 سابقہ نکسلیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ اِس موقع پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ لوگ جنگلوں میں ہتھیاروں سے لیس زندگی گزار رہے تھے، لیکن اب اِن کی زندگی نئے سرے سے شروع ہو رہی ہے۔