کرکٹ میں، برمنگھم کے Edgbaston میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آج انگلینڈ اپنے کَل کے اسکور 3 وکٹ پر 77 رن سے آگے کھیلنا شروع کرے گا۔ یہ میچ سہ پہر ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔
اس سے قبل بھارتی کپتان شبھمن گِل نے 269 رن کی شاندار اننگز کھیلی، جس کے سبب کَل بھارت اپنی پہلی اننگز میں 587 رن کا بڑا اسکور بنا پایا۔ گِل نے انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ میں دوہری سینچری بناکر تاریخ رقم کی ہے اور ایسا کرنے والے وہ پہلے بھارتی کھلاڑی اور ایشیائی کپتان بن گئے ہیں۔ انہوں نے اینڈرسن-تیندولکر ٹرافی کے تحت جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن یہ سنگ میل حاصل کیا۔
اس کامیابی کے ساتھ شبھمن کا شمار بھارت کیلئے بطور کپتان دوہری سینچری بنانے والے منصورعلی خاں پٹودی، سنیل گواسکر، سچن تیندولکر اور ایم ایس دھونی کے ساتھ ہوگا۔ انگلینڈ پانچ میچوں کی سیریز میں ایک -صفر سے آگے ہے۔ اُس نے لیڈس میں افتتاحی ٹیسٹ میچ میں بھارت پر پانچ وکٹ سے جیت حاصل کی تھی۔