کرناٹک کے وزیراعلیٰ سدا رمیا نے بدھ کو بنگلورو میں چنا سوامی اسٹیڈیم میں بھگدڑ میں مرنے والے گیارہ افراد کے کنبوں کے لوگوں کیلئے معاوضے کی رقم میں اضافے کا حکم دیا ہے۔ اِس طرح اضافے کی رقم ہر کنبے کیلئے بڑھ کر 25 لاکھ روپے ہوجائے گی۔ اِس سے پہلے حکومت نے ہر کنبے کیلئے معاوضے کی رقم 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ بھاری صنعتوں کے مرکزی وزیر ایچ ڈی کمارا سوامی، مرکزی وزیر مملکت شوبھا Karandlaje، اور کرناٹک بی جے پی قیادت نے مرنے والے افراد کے کنبوں کیلئے 50 لاکھ روپے کے معاوضے کا مطالبہ کیا ہے۔ رائل چیلنجرس بنگلورو فرنچائزی نے مرنے والوں کیلئے 10 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے جبکہ کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے اِس سلسلے میں پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
بی جے پی اِس حادثے پر وزیر اعلیٰ سدا رمیا اور نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے استعفے کا مطالبہ کررہی ہے۔ یہ حادثہ کرناٹک میں کانگریس کی قیادت والی سرکار کیلئے ایک بڑا جھٹکا ثابت ہوا ہے۔
چنا سوامی اسٹیڈیم میں مچی بھگدڑ پر لوگوں کے احتجاج میں شدت آنے کے بعد، جس میں RCB کے 11 مداحوں کی موت ہوگئی تھی۔ وزیراعلیٰ سدارمیا نے مرنے والوں کے لواحقین کیلئے مالی اعانت کی رقم کو دس لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کردیا ہے۔ چنا سوامی اسٹیڈیم میں بدنظمی اور بھیڑ پر قابو نہ کئے جانے کی وجہ سے 4 جون کو اسٹیڈیم میں اس وقت بھگدڑ مچ گئی جب رائل چیلنجرس بنگلور کی جیت کے بعد 18 سال بعد IPL کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے جشن کا حصہ بننے کیلئے RCB کے فینس، اسٹیڈیم کے اندر گھسنے کی کوشش کرنے لگے اور ایک پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسو سی ایشن کے دو اعلیٰ عہدیداران نے اخلاقی طور پر ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
KSCA کے صدر Raghuram Bhat نے بتایا کہ دونوں افسران کے استعفیٰ منظور کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسو سی ایشن اس دردناک حادثے سے متعلق جاری تمام تحقیقات میں اپنی طرف سے پوری حمایت کرے گی۔