کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج، وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے ذات کی بنیاد پر مردم شماری کے بارے میں کچھ تجویزیں پیش کی ہیں۔ اِس خط میں جناب کھڑگے نے زور دے کر کہا ہے کہ ذات کی بنیاد پر مردم شماری کے بارے میں سبھی سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مذاکرات کئے جائیں۔ انہوں نے اِس کام کے لیے تلنگانہ سرکار کے طریقِ کار کا ذکر کیا۔ انہوں نے ریزرویشن کی 50 فیصد کی حد ختم کرنے کے لیے بھی کہا۔ جناب کھڑگے نے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبیلوں اور دیگر پسماندہ ذاتوں کے لیے ریزرویشن سے متعلق شقوں پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کیا۔اِسی دوران بی جے پی نے جناب کھڑگے پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خط، اِس فیصلے کا فائدہ اٹھانے کیلئے مایوسی میں لکھا گیا ہے۔ آکاشوانی کے نامہ نگار سے بات کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان گروپرکاش نے الزام لگایا کہ کانگریس کے پاس، ذات کی بنیاد پر مردم شماری کے بارے میں حکومت کے اعلان کے بعد اب کوئی معاملہ باقی نہیں بچا ہے۔ جناب مودی نے اِس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے حوصلے کا اظہار کیا ہے، جبکہ ماضی میں کسی وزیر اعظم نے یہ فیصلہ نہیں کیا۔
Site Admin | May 6, 2025 2:46 PM
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کا وزیر اعظم کو مکتوب
