لوک سبھا اور راجیہ سبھا، دونوں ایوانوں میں بہار میں انتخابی فہرستوں پر خصوصی نظرثانی سمیت مختلف معاملات پر اپوزیشن اراکین کے لگاتار احتجاج کے سبب کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کردی گئی۔ کرگل وجے دِوس کے موقع پر کرگل جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کیے جانے کے بعد لوگ سبھا میں اپوزیشن ممبروں نے کارروائی میں رخنہ ڈالا۔ یہ اراکین اہم معاملات پر تبادلۂ خیال کا مطالبہ کر رہے تھے۔
اسپیکر اوم برلا نے اُن سے ایوان کے وقار کو برقرار رکھنے پر زور دیا لیکن احتجاج جاری رہا، جس کی وجہ سے پہلے دوپہر 2 بجے تک اور اِس کے بعد پورے دن کیلئے کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔ قانون کے مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال نے گوا ایس ٹی نمائندگی بل 2024 پیش کرنے کی کوشش کی لیکن نعرے بازی جاری رہنے سے اِس میں رخنہ پڑا۔راجیہ سبھا میں بھی یہی صورتحال رہی۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا ہے کہ پہلگام میں دہشت گرد حملے اور آپریشن سندور کے تحت بھارت کی کارروائی پر ایک خصوصی بحث پیر کے روز لوک سبھا میں کی جائے گی۔ نئی دلّی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جناب رجیجو نے کہا کہ اِس بات کا فیصلہ، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی زیر قیادت کاروباری مشاوراتی کمیٹی کی میٹنگ کے دوران کیا گیا۔
جسٹس یشونت ورما کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کے معاملے پر پارلیمانی امور کے وزیر نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں نے اس بات سے اتفاق کرلیا ہے کہ جسٹس ورما کو ہٹانے کا معاملہ ایک مشترکہ معاملہ ہوگا۔