وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت کا ہوا بازی کا شعبہ عالمی ہوائی نقل وحمل کی صنعت میں ایک اہم کھلاڑی ہے اور آج یہ شعبہ خود اعتمادی سے پُر ہے۔ نئی دلّی کے بھارت منڈپم میں، بین الاقوامی ہوائی نقل وحمل ایسوسی ایشن IATA کی 81ویں سالانہ جنرل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت عالمی خلائی اور ہوائی شعبے میں ایک بڑی طاقت بن کر اُبھر رہا ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ اُڑان اسکیم کی کامیابی بھارتی شہری ہوا بازی کے شعبے میں ایک سنہرا باب ہے اور بھارت اَب دنیا کی تیسری سب سے بڑی گھریلو ہوابازی کی مارکیٹ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت عالمی ہوا بازی ایکو سسٹم میں نہ صرف ایک بڑی مارکیٹ ہے بلکہ یہ پالیسی لیڈر شپ، اختراع اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی ترقی کی پہچان بھی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو نے کہا کہ حکومت ملک میں اگلے پانچ برسوں میں پچاس مزید ہوائی اڈّے تعمیر کرنے کی پابند عہد ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہوائی اڈّوں کی تعداد، جو2014 میں صرف74 تھی، وہ بڑھ کر162 ہوگئی ہے جس میں33 بین الاقوامی ہوائی اڈّے شامل ہیں۔ بین الاقوامی ہوائی نقل وحمل ایسوسی ایشن کی یہ تقریب جو اتوار کو شروع ہوئی تھی وہ منگل کو ختم ہوجائے گی۔ اس تقریب کے دوران پوری دنیا کے لیڈر بھارت کے شہری ہوا بازی کے منظرنامے میں خاطرخواہ تبدیلی کا مشاہدہ کریں گے۔
Site Admin | June 2, 2025 9:49 PM
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت عالمی خلائی اور شہری ہوا بازی کے شعبوں میں قائدانہ طاقت بن کر ابھر رہا ہے
