وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دلی میں امریکہ کے نائب صدر J.D.Vanes سے بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے باہمی طور پر سود مند بھارت-امریکہ دو طرفہ تجارتی معاہدے کے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا خیر مقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے توانائی، دفاع، اسٹریٹجک ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں اشتراک و تعاون کے لیے جاری کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ طرفین نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے اسے مزید آگے بڑھانے کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری پر زور دیا۔ جناب وینس کے ہمراہ ان کی اہلیہ اوشا، ان کے بچے اور امریکی انتظامیہ کے سینئر ارکان بھی تھے۔
جناب مودی نے معزز مہمان کے لئے عشائیہ کا بھی اہتمام کیا۔ وزیر اعظم نے اس سال فروری میں واشنگٹن ڈی سی کے اپنے دورے اور صدر ٹرمپ کے ساتھ اپنی مفید اور نتیجہ خیز بات چیت کو یاد کیا۔ اس بات چیت نے میک امریکہ گریٹ اَگین اور وِکست بھارت 2047 کی طاقتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت اور امریکہ کے درمیان قریبی اشتراک و تعاون کا خاکہ ترتیب دیا۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو پُرجوش مبارکباد دی اور کہا کہ وہ اِس سال کے آخر میں بھارت کے اُن کے دورے کے منتظرہیں۔ جناب وینس نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات ایک اعزاز کی بات ہے۔ انھوں نے بھارت کے اپنے دورے کے پہلے دن وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک عظیم رہنما قرار دیا۔ جناب وینس نے نئی دلی میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر اپنے خاندان کی میزبانی کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا۔ امریکی نائب صدر بھارت کے چار روزہ دورے پر کل نئی دلی پہنچے۔ ان کے ساتھ امریکہ کی خاتون ثانی اوشا وینس اور امریکی انتظامیہ کے سینئر ارکان بھی ہیں۔ اس دوران وینس کل رات جے پور پہنچے۔ جناب وینس آج اپنے خاندان کے ہمراہ تاریخی آمیر قلعہ کا دورہ کررہے ہیں۔ وہ آج سہ پہر جے پور میں بھارت-امریکہ تجارتی تعلقات کے مستقبل پر ایک بزنس سمٹ سے بھی خطاب کریں گے۔ اس دورے کے پیش نظر جے پور شہر میں سیکورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔x