ڈاؤن لوڈ کریں
موبائل ایپ

android apple
signal

April 27, 2025 9:39 PM

printer

وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ140 کروڑ بھارتیوں کا اتحاد اور یکجہتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کی سب سے بڑی قوت ہے

وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ140 کروڑ بھارتیوں کا اتحاد اور یگانگت، دہشت گردی کے خلاف ملک کی لڑائی میں، اُس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ آکاشوانی پر آج اپنے ’من کی بات‘ پروگرام میں ملک سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے یقین دلایا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سازش تیار کرنے والوں کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔ اِس ماہ کی 22 تاریخ کو جموں و کشمیر کے پہلگام قصبے میں ایک دہشت گردانہ واقعے میں26افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے کے بعد بہت سے عالمی رہنماؤں نے اُن سے فون پر بات کی اور خطوط لکھے ہیں، جن میں اِس گھناؤنے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت اور جموں و کشمیر کے دشمن، اِس بات سے خوش نہیں ہیں کہ کشمیر میں امن واپس آرہا ہے، جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے اور سیاحوں کی تعداد ریکارڈ شرح پر بڑھ رہی ہے۔
وزیر اعظم نے من کی بات پروگرام میں ممتاز خلائی سائنسداں، اسرو کے سابق چیئرمین اور قومی تعلیمی پالیسی کے معمار ڈاکٹر کے کستوری رنگن کو خراج عقیدت بھی پیش کیا، جن کا اِس ہفتے کے شروع میں انتقال ہوگیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملک نے ایک عظیم سائنسداں کھو دیا ہے۔ جناب مودی نے اِس سال اپریل میں، آریہ بھٹ سیارچہ داغے جانے کے 50 سال پورے ہونے کے موقع پر خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک گگن یان، SpaDex اور چندریان-چار جیسے، کئی اہم مشنوں کی تیاری میں مصروف ہے۔ جناب مودی نے بتایا کہ بھارت، زہرہ کے مدار والے مشن اور مرّیخ پر اترنے والے سیارچے کے مشن پر بھی کام کر رہا ہے۔
پچھلے مہینے میانما میں جو زلزلہ آیا تھا، اُس کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے، راحت اور بچاؤ کی کارروائی میں مدد کیلئے فوری طور پر آپریشن Brahma، شروع کردیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بحران کی گھڑی میں وِشو مِتر کی شکل میں، بھارت کی تیاری اور انسانیت کے تئیں عہد بندی، ملک کی شناخت بنتی جا رہی ہیں۔
قدرتی آفات سے نمٹنے کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ کسی بھی قدرتی آفت سے نمٹنے میں چوکسی سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے زور دے کر کہا کہ وہ سَچیت موبائل ایپ کا استعمال کریں، جو قدرتی آفات کی صورت میں، علاقائی زبانوں میں بروقت الرٹ کرتا رہتا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھا گیا۔

سب دیکھیں