وزیر اعظم نریندر مودی نے زور دے کر کہا ہے کہ پہلگام کے دہشت گردانہ حملے کیلئے ذمہ دار عناصر اور اِس کی سازش رچنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ آکاشوانی پر ’من کی بات‘ پروگرام میں ملک سے خطاب کرتے ہوئے، جناب مودی نے پہلگام میں دہشت گردانہ واقعے پر غم و غصہ کا اظہار کیا، جو اِس مہینے کی 22 تاریخ کو پیش آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اِس حملے سے دہشت گردی کے سرپرستوں کی جھنجھلاہٹ اور بزدلی کا اظہار ہوتا ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ بھارت اور جموں و کشمیر کے دشمنوں کو یہ راس نہیں آیا کہ کشمیر میں امن بحال ہورہا ہے، جمہوریت مضبوط ہورہی ہے اور سیاحوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے۔
وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ ملک کا اتحاد اور 140 کروڑ بھارتی شہریوں کی یکجہتی، دہشت گردی کے خلاف، اِس لڑائی میں سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد دہشت گردی کے خلاف ملک کی فیصلہ کن لڑائی کی بنیاد ہے۔ جناب مودی نے اِس چیلنج کا سامنا کرنے کے عزم کو مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایک ملک کے طور پر مضبوط قوتِ ارادی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے کے بعد سے دنیا بھر سے تعزیت کے پیغامات لگاتار آرہے ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ عالمی رہنماؤں نے، اُن سے فون پر بات کی ہے اور مراسلے تحریر کئے ہیں، جن میں دہشت گردوں کے وحشیانہ حملے کی سخت مذمت کی گئی ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ملک کی لڑائی میں پوری دنیا 140 کروڑ بھارتی افراد کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے متاثرہ کنبوں کو یقین دلایا کہ اُن کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے ڈاکٹر کے- کستوری رنگن کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جن کا دو دن پہلے انتقال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے ایک عظیم سائنسداں کھو دیا ہے۔ جناب مودی نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ اپریل کے مہینے میں آریہ بھٹ سیٹلائٹ کے لانچ کو 50 سال مکمل ہورہے ہیں۔
جناب مودی نے کہا کہ بھارت چاند کے قطبِ جنوبی پر پہنچنے والا پہلا ملک بنا ہے۔انہوں نے اِس بات کو بھی اجاگر کیا کہ بھارت نے مریخ سے متعلق Orbiter مشن لانچ کیا ہے اور وہ آدتیہ L-1 مشن کے ذریعے سورج کے بہت قریب پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت آج پوری دنیا میں سب سے کم لاگت کے کامیاب خلائی پروگرام کی قیادت کررہا ہے۔
وزیر اعظم نے ’من کی بات‘ کے اِس نشریے میں ایتھیوپیا میں رہنے والے غیرمقیم بھارتی افراد کی، اُن اختراعی کوششوں کا ذکر کیا، جو وہ علاج کیلئے بچوں کو بھارت بھیجنے کیلئے کررہے ہیں۔ یہ بچے پیدائش سے ہی دِل کے امراض میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہاں بھارتی کنبے اِس طرح کے کئی بچوں کی مالی مدد بھی کررہے ہیں۔
پچھلے مہینے میانما میں آنے والے شدید زلزلے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے بچاؤ اور امدادی کارروائی میں معاونت کیلئے فوراً ہی آپریشن ”برہما“ شروع کیا اور فضائیہ کے طیاروں سے لے کر بحریہ کے جہازوں تک ہر وسیلے سے وہاں مدد بھیجی گئی۔ بھارتی ٹیم نے وہاں ایک فیلڈ اسپتال بھی قائم کیا۔
جناب مودی نے اِس بات کو بھی اجاگر کیا کہ بھارت کی بچاؤ ٹیم نے میانما میں Mandalay میں ایک خانقاہ میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بچایا اور بودھ راہبوں کا آشیرواد لیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پورے ملک کو اُن سبھی اہلکاروں پر بہت فخر ہے، جنہوں نے آپریشن ”برہما“ میں حصہ لیا۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ کچھ دن پہلے ہی بھارت نے افغانستان کے عوام کیلئے بڑی تعداد میں ویکسین بھیجی ہیں۔ یہ ویکسین Rabies، Tetanus، Hepatitis B اور انفلوئنزا جیسی خطرناک بیماریوں کی روک تھام میں مفید ثابت ہوں گی۔ جناب مودی نے بتایا کہ اِس ہفتے بھارت نے نیپال کی درخواست پر دواؤں اور ویکسین کی ایک بڑی کھیپ وہاں بھیجی ہے۔ اِس سے Thalassemia اور Sickle Cell بیماری کے مریضوں کے بہتر علاج کو یقینی بنایا جاسکے گا۔
قدرتی آفات سے پیدا حالات سے نمٹنے کے موضوع پر وزیر اعظم نے کہا کہ کسی بھی قدرتی آفت کا سامنا کرنے کیلئے مستعدی اور چوکسی سب سے اہم ہے۔
جناب مودی نے لوگوں سے کہا کہ وہ اپنے موبائل پر Sachet App کے ذریعے کسی بھی طرح کی قدرتی آفت کی صورت میں مدد حاصل کرسکتے ہیں۔ اِس میں سیلاب، سائیکلون، چٹانوں کے ٹکڑے گرنے، سونامی، جنگل کی آگ اور برف کے تودے گرنے جیسی قدرتی آفات شامل ہیں۔
یہ Sachet App قدرتی آفات سے پیدا حالات سے نمٹنے والی قومی اتھارٹی نے تیار کی ہے۔ وزیر اعظم نے آج کے نشریے میں ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم کا بھی ذکر کیا۔x