آسام میں 21 ضلعوں میں پانچ لاکھ سے زیادہ لوگ سیلاب کی زد میں ہیں۔ 64 محصولاتی علاقوں کے ایک ہزار 250 سے زیادہ گاؤں سیلاب سے متاثر ہیں اور ریاست بھر میں 12 ہزار 600 ہیکٹئرزمین کی فصل خراب ہوچکی ہے۔ آسام کے آفات سے نمٹنے کی ریاستی اتھارٹی کے مطابق ریاست میں شدید سیلاب اور تودے کھسکنے کی وجہ سے اب تک 11 افراد کی موت ہوچکی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما سے فون پر بات کی اور ریاست میں سیلاب کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم نے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کیا اور مرکزی حکومت کی طرف سے ریاست میں راحت اور بازآبادکاری کی کوششوں کیلئے پوری مدد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ سرما نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم کو حالیہ صورتحال اور راحت اور بچاؤ سے متعلق مہم کے بارے میں بتایا ہے۔
وزیر اعظم نے Lachen کے Chaten علاقے میں آرمی کے ایک کیمپ پر بڑے پیمانے پر تودے گرنے کے ایک واقعے کے بعد سکم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ سے شمالی سکم کی صورتحال پر بھی بات کی۔ جناب تمانگ نے وزیر اعظم کی اظہار تشویش پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔