وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک میں ڈیجیٹل کنکٹیویٹی اب کوئی آسائش نہیں رہی بلکہ یہ ہر شہری کی زندگی کا ایک ناگزیر حصہ ہے۔ جناب مودی آج نئی دلّی کے یشوبھومی میں ایشیاء کی سب سے بڑی ٹیلی مواصلات، میڈیا اور ٹیکنالوجی تقریب، انڈیا موبائل کانگریس 2025 کے نویں ایڈیشن کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔
جناب مودی نے کہا کہ ایسا ملک، جہاں کبھی 2G خدمات پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، وہاں آج تقریباً ہر ضلع میں 5G کوریج دستیاب ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حال ہی میں بھارت نے اپنا میڈ اِن انڈیا 4G Stack لانچ کیا ہے، جو ملک کی بڑی سودیسی حصولیابی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹیلی مواصلات کے وزیر جیوتر آدتیہ سندھیا نے کہا کہ بھارت اب دنیا کا ڈیجیٹل علمبردار بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ براڈ بینڈ صارفین کی تعداد، جو سال 2014 میں 60 ملین تھی، اب بڑھ کر، یہ 944 ملین براڈ بینڈ سبسکرائبرس تک جا پہنچی ہیں۔ چار روزہ انڈیا موبائل کانگریس کے دوران ٹیلی مواصلات اور اُبھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں کی تازہ ترین پیشرفت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اور عالمی رہنماؤں، پالیسی سازوں، صنعتی ماہرین اور اختراع کاروں کو یکجا کیا جا رہاہے۔x