وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنے عہدے کے 11 برس مکمل کرلئے ہیں۔ 2014 میں آج کے ہی دن جناب مودی نے بھارتی وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ ملک کی جدید سیاسی تاریخ میں یہ ایک ایسا موقع تھا کہ جب بھارت میں مخلوط سیاست کے 30 سال کے دور کا خاتمہ ہوا اور عوام نے BJP کو ایک واضح اور فیصلہ کُن جیت دلائی۔ 26 مئی 2014 کی شام راشٹرپتی بھون کے احاطہ میں تاریخ رقم کی گئی اور جناب نریندر مودی نے بھارت کے چودھویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف لیا۔ جناب نریندر مودی میں ملک کے عوام کو ایک منفرد، فیصلہ ساز اور ترقی کے نظریئے والا رہنما نظر آتا ہے، جو کروڑوں بھارتی عوام کے خوابوں اور اُمنگوں کیلئے اُبھرتی ہوئی امید کی ایک کرن ہیں۔
ترقی پر اُن کی توجہ اور غریب سے غریب افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کی کوششوں کے سبب نریندر مودی ملک کے طول وعرض میں ایک مقبول رہنما بن گئے ہیں۔ وزیراعظم کی حیثیت سے جناب مودی کے ذمہ داری سنبھالنے کا آغاز ترقی پر مبنی سیاست کے ساتھ ہوا، جس میں ’سب کا ساتھ- سب کا وکاس- سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘ اصل منتر ہے۔ گزشتہ 11 برس میں ملک میں سبھی شعبوں میں خاطرخواہ تبدیلی ہوئی ہے اور اُن میں ایک نیا اعتماد پیدا ہوا ہے۔ پالیسی کے ٹھپ ہوجانے کی روایت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بھارت دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے اور جناب مودی کی مضبوط لیڈر شپ کے تحت ملک 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بننے کی جانب گامزن ہے۔×