وزارت داخلہ کے تحت کام کرنے والے انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر 14C نے آج عوام کے لئے آن لائن دھوکہ دہی کے سلسلے میں الرٹ جاری کیا ہے۔ دھوکہ دہی کرنے والے افراد خاص طور پر مذہبی یاتریوں اور سیاحوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ مذکورہ سینٹر نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بیحد محتاط رہیں اور کوئی بھی ادائیگی کرنے سے پہلے ویب سائٹس کی حقیقت کی تصدیق کرلیں۔ لوگوں کو گوگل، فیس بک یا واٹس اپ پر کسی بھی نامعلوم لنک پر جانے سے پہلے محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ فرضی ویب سائٹس، گمراہ کن سوشل میڈیا پیجز، فیس بک پوسٹ اور گوگل جیسے سرچ انجن پر رقم دیکر ایڈ چلاکر لوگوں کو دھوکے کا شکار بنایا جارہا ہے۔ ان گھپلوں میں ایسی فرضی ویب سائٹس، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور واٹس ایپ اکاؤنٹس بنانا شامل ہے، جہاں لوگوں کو کیدارناتھ اور چار دھام کے لئے ہیلی کاپٹر بک کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
وزارت نے لوگوں سے زور دے کر کہا کہ وہ حکومت کے پورٹل یا سیاحتی ایجنسیوں کی مدد سے بکنگ کی تفصیلات کی اچھی طرح تصدیق کرلیں۔ نیز وزارت نے سائبر کرائم کی اطلاع سے متعلق پورٹل www.cybercrime.gov.in پر یا ہیلپ لائن نمبر 1930 پر ایسے معاملات کی اطلاع دینے کا مشورہ دیا ہے۔
اس طرح کے معاملات کی روک تھام کے لئے Indian Cybercrime Coordination Center کثیر رخی حکمت علمی اپنا رہا ہے۔