ملک کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں اِس برس مارچ میں سالانہ بنیاد پر تین اعشاریہ آٹھ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ شعبہ ملک کی صنعتی پیداوار کے تقریباً چالیس فیصدی حصے کا احاطہ کرتا ہے۔ سیمنٹ، کیمیاوی کھاد، فولاد، بجلی، کوئلے اور ریفائنری مصنوعات کی پیداوار میں پچھلے ماہ مثبت ترقی ہوئی۔
اِدھر مالی برس 2025 کے دوران آٹھ بنیادی صنعتوں کے مشترکہ اشاریے ICI میں ترقی کی مجموعی شرح پچھلے برس کی اِسی مدت کے مقابلے چار اعشاریہ چار فیصد رہی۔
کامرس اور صنعت کی وزارت کی جانب سے جاری عبوری اعداد وشمار کے مطابق سالانہ بنیاد پر سیمنٹ کی پیداوار میں گیارہ اعشاریہ چھ فیصد کا اضافہ ہوا، کیمیاوی کھاد میں آٹھ اعشاریہ آٹھ فیصد، فولاد کی پیداوار میں سات اعشاریہ ایک فیصد، بجلی کی پیداوار میں چھ اعشاریہ چار فیصد، کوئلے کی پیداوار میں ایک اعشاریہ چھ فیصد اور پیٹرولیم ریفائنری پیداوار میں صفر اعشاریہ دو فیصد کا اضافہ ہوا۔ اِس کے برعکس پچھلے سال کے اِسی ماہ کے مقابلے قدرتی گیس میں 12 اعشاریہ سات فیصد کی کمی آئی اور خام تیل کی پیداوار میں مارچ 2025 میں ایک اعشاریہ نو فیصد کی کمی ہوئی۔ آٹھ بنیادی صنعتیں، صنعتی پیداوار میں شامل اشیا کے چالیس اعشاریہ دو سات فیصد حصے پر مشتمل ہیں۔
Site Admin | April 21, 2025 9:47 PM
ملک کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں اِس برس مارچ میں سالانہ بنیاد پر تین اعشاریہ آٹھ فیصد کا اضافہ ہوا ہے
