مرکز نے سبھی ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ ایمرجنسی صورتحال میں سول ڈیفنس کے حکام کے سربراہوں کو ایمرجنسی بنیاد پر سرکاری خرید کا اختیار دیں۔ اس سلسلے میں فائر سروسز، سول ڈیفنس اور ہوم گارڈس کے ڈائریکٹر جنرل وویک سریواستو نے ریاستوں کو مراسلہ بھیجا ہے۔سول ڈیفنس کے ضابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مذکورہ ضابطوں کے تحت ریاستوں کو حملے کی صورت میں لوگوں اور املاک کے تحفظ یا اہم خدمات برقرار رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے بعض ضروری اقدامات کرنے کا اختیار ہے۔ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ سرکار ایمرجنسی نظام کے پختہ انداز سے کام کاج کرنے اور ضروری خدمات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
اسپتالوں اور طبی اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ضروری دواؤں کی دستیابی، خون، آکسیجن اور ایمرجنسی کی صورت میں استعمال ہونے والی کٹس کی خاطر خواہ فراہمی کو یقینی بنائیں۔ صحت کے وزیر جے پی نڈا نے آج اعلیٰ سطح کی ایک میٹنگ منعقد کی اور ہدایت دی کہ میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں صحت کے تمام نظاموں کو ہر وقت خاطر خواہ طور پر لیس اور تیار ہونا چاہیے۔ مرکزی سرکار کے اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریاستی اور ضلع انتظامیہ، مسلح افواج اور ڈاکٹروں کی علاقائی ایسوسی ایشنوں اور پرائیویٹ سیکٹر کے اسپتالوں کے ساتھ تال میل قائم رکھیں تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں ردّ عمل کے نیٹ ورک کو مضبوط کیا جاسکے۔ سرکاری سیکٹر کے بینکوں نے وضاحت کی ہے کہ ATM، نقد رقم جمع کرانے اور نکالنے کی مشینیں اور ڈیجیٹل خدمات سمیت سبھی خدمات پوری طرح کام کر رہی ہیں۔ انڈین آئل کارپوریشن نے یقین دلایا ہے کہ ملک میں ایندھن کا وافر ذخیرہ پایا جاتا ہے اور اس کی سبھی سپلائی لائنوں سے بلا رکاوٹ سپلائی جاری ہے۔
ادھر آج 9 بین الاقوامی پروازوں سمیت دلّی ہوائی اڈّے پر 138 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ مسافروں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ پرواز کے بارے میں تازہ جانکاری اور سفر سے متعلق متبادل انتظامات کیلئے اپنی ایئرلائنز سے رجوع کریں۔موجودہ صورتحال کے تناظر میں بھارتی ریلویز جموں اور اودھم پور سے نئی دلّی کیلئے تین خصوصی ریل گاڑیاں چلا رہا ہے۔
Site Admin | May 9, 2025 10:16 PM
مرکز نے سبھی ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ ایمرجنسی صورتحال میں سول ڈیفنس کے حکام کے سربراہوں کو ایمرجنسی بنیاد پر سرکاری خرید کا اختیار دیں
