مدھیہ پردیش حکومت نے حادثات کے دوران سڑک تحفظ اور بروقت مدد کو فروغ دینے کیلئے مرکز کے اقدامات کے تحت Rahveer اسکیم کو منظوری دے دی ہے۔ اس اسکیم کے تحت کوئی بھی شخص، جو سڑک حادثے میں زخمی ہوئے شخص کو پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جاتا ہے، اُسے ریاستی حکومت کی طرف سے 25 ہزار روپے کا انعام دیا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی کے ’من کی بات‘ پروگرام کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے بڑھتے ہوئے سڑک حادثات پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور فوری طبی مدد کی اہمیت پر زور دیا تھا۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی قیادت والی ریاستی کابینہ نے حال ہی میں ’راہ ویر یوجنا‘ کو منظوری دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ اسکیم انسانی ہمدردی کے رویہ کو فروغ دے گی۔ ’راہ ویر یوجنا‘ کا مقصد سڑک حادثوں میں زخمی ہونے والوں کو فوری امداد فراہم کرنا ہے تاکہ بروقت علاج سے ان کی جان بچائی جاسکے۔ یہ اسکیم ان راہ ویروں کے اعزاز میں ہے، جو سڑک حادثوں میں زخمی ہونے والوں کی مدد کرتے ہیں اور یہ اسکیم سڑک سے منسلک حفاظت کے بارے میں آگاہی کو بڑھاتی ہے۔ مدھیہ پردیش سڑک حادثوں کے معاملے میں سرفہرست پانچ ریاستوں میں سے ایک ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق سال 2018 سے 2022 کے دوران مدھیہ پردیش میں 58 ہزار 580 افراد سڑک حادثوں میں ہلاک ہوئے۔