مختلف ریاستیں ایمرجنسی مشق، وسائل کی تعیناتی اور اعلیٰ سطح کے سکیورٹی جائزے کے ساتھ اپنی تیاری میں تیزی لارہی ہیں۔دہرہ دون میں اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی صدارت کی اور متعلقہ اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ ہر طرح کی صورتحال کیلئے پوری طرح تیار رہیں۔ انھوں نے محکمۂ اطلاعات سے بھی کہا کہ وہ افواہوں سے سرگرمی کے ساتھ نمٹے اور عوام کو بروقت تازہ جانکاری فراہم کریں۔
مہاراشٹر میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے محکمۂ صحت اور بحران سے پیدا حالات سے نمٹنے سے متعلق محکمے کے اعلیٰ اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہمراہ ایک تیاری جائزے میں جناب فڑنویس نے ضلع سطح پر War Rooms تشکیل دیئے جانے، بلیک آئوٹ مشق، بجلی منقطع ہونے کی صورت میں اسپتالوں میں تال میل اور بجلی کے متبادل انتظامات کا حکم دیا ہے۔
پنجاب میں وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے کہا ہے کہ ریاستی سرکار نے ڈرون شکن نظام خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرحدی حفاظتی فورس کے ساتھ تال میل کرکے ریاست کے چھ سرحدی ضلعوں میں اِس طرح کے 9 نظام نصب کئے جائیں گے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردی پر نظر رکھی جاسکے۔
کابینہ کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو جانکاری دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب سرکار نے اپنی ’’فرشتے اسکیم‘‘ میں دہشت گردی کے متاثرین اور جنگ میں زخمی ہونے والے شہریوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت متاثرہ افراد کا مفت علاج کیا جائے گا۔
جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بڑھتی ہوئی کشیدگی، جموں میں ڈرون حملوں اور جموں کے سرحدی ضلعوں میں شدید گولہ باری کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آج جموں کا دورہ کیا۔ وہ جموں اور سانبا میں کئی کیمپوں اور دیگر مراکز میں گئے تاکہ اِن کیمپوں میں رہنے والے لوگوں کیلئے کئے گئے راحت کے انتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔ انھوں نے بے گھر ہونے والے کنبوں سے ملاقات کی۔
سرکار نے سرحدی ضلعوں میں کئی مقامات پر امدادی کیمپ قائم کئے ہیں۔ جناب عمر عبداللہ نے مجموعی صورتحال اور امدادی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ضلعے کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا۔ انھوں نے سبھی متاثرہ لوگوں کی سلامتی اور بہبود کے تئیں سرکار کے پختہ عزم کو دوہرایا۔
جناب عمر عبداللہ نے جموں اور کشمیر دونوں ڈویژنوں میں مختلف مقامات پر سرحد پار سے پاکستان کے کَل رات کے حملوں کو پسپا کرنے کیلئے فورسز کی تیزی کے ساتھ موثر کارروائی کی تعریف کی۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کو پوری قوت کے ساتھ اپنے عوام اور علاقے کا دفاع کرنے کا حق ہے۔ادھر جموں وکشمیر سرکار نے اعلیٰ IAS افسر Shaleen Kabra کو مرکز کے زیر انتظام علاقے کا سرکاری ترجمان مقرر کیا ہے۔ وہ فی الحال جل شکتی محکمے کے مالی امور کے کمشنر ہیں۔
Site Admin | May 9, 2025 10:08 PM
مختلف ریاستیں ایمرجنسی مشق، وسائل کی تعیناتی اور اعلیٰ سطح کے سکیورٹی جائزے کے ساتھ اپنی تیاری میں تیزی لارہی ہیں
