کئی شمال مشرقی ریاستیں، مسلسل شدید بارش کی وجہ سے آئے سیلاب اور چٹّانوں کے ٹکڑے گرنے کے واقعات سے اب بھی متاثر ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے صورتحال کا جائزہ لیا اور راحت اور بازآبادکاری کیلئے مکمل مدد کا یقین دلایا۔آسام کے 21 اضلاع میں 5 لاکھ سے زیادہ لوگ سیلاب سے متاثر ہیں۔ آسام کی آفات سے نمٹنے والی ریاستی اتھارٹی کے مطابق سیلاب اور چٹّانوں کے ٹکڑے گرنے سے متعلق واقعات میں اب تک 11 افراد کی جانیں گئی ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما سے فون پر بات کی اور ریاست میں سیلاب کی موجودہ صورتحال کے بارے میں معلوم کیا۔
آسام میں آج پانچویں روز بھی سیلاب کی شدید صورتحال رہی۔ وزیر اعلیٰ، اُن کے کابینی وزراء اور قانون سازیہ کے ارکان، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وہاں کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے آج Cachar ضلع میں سلچر کا دورہ کیا اور سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وہ مختلف امدادی کیمپوں میں بھی گئے اور لوگوں سے بات چیت کی اور اُنھیں حکومت کی جانب سے بازآبادکاری کی خاطر مدد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع کمشنروں کو اُن کے اضلاع میں بچائو اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
وزیر اعظم نے Lachen میں Chaten کے مقام پر فوجی کیمپ پر چٹّانوں کے ٹکرے گرنے کے واقعے کے بعد سکّم کے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ سے بھی وہاں کی صورتحال کے بارے میں بات کی۔ ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ بھارتی فضائیہ نے Chaten میں پھنسے سویلین کے پہلے بیچ کو نکالا ہے۔ اُدھر منی پور میں 443 گاؤں، سیلاب کی زد میں ہیں، جس کی وجہ سے تقریباً ایک لاکھ 65 ہزار لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔ یہ گاؤں زیادہ تر امپھال مشرق اضلاع میں واقع ہیں۔منی پور کے گورنر اجے کمار بھلّا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ریاست میں سیلاب سے نمٹنے میں ہر ممکن مرکزی امداد کا یقین دلایا۔ NDRF، SDRF، پولیس، نیم فوجی دستے، ریڈ کراس، آگ بجھانے والے دستے اور دیگر ایجنسیاں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔اروناچل پردیش میں بارش سے متعلق واقعات میں اب تک12 افراد کی جانیں گئی ہیں۔بھارت کے محکمۂ موسمیات نے شمال مشرقی بھارت کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ IMD کے سائنسداں ڈاکٹر آر جے Jenamani نے آکاشوانی نیوز کو بتایا کہ اگلے دو روز کے دوران خطے میں تیز سے بہت تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Site Admin | June 3, 2025 10:11 PM
شمال مشرقی ریاستوں میں سیلاب کی صورتحال بدستور سنگین بنی ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے صورتحال کا جائزہ لیا اور بچاو اور بازآبادکاری میں مکمل مدد کی یقین دہانی کرائی
