سڑک ٹرانسپورٹ اورشاہراہوں کے محکمے کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج تلنگانہ میں Sirpur کاغذ نگر میں 3ہزار 900 کروڑ روپے مالیت کے کئی سڑک پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور ملک کے نام وقف کیا۔ اِس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے جناب گڈکری نے ریاست میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے کے مرکزی سرکار کے عہد کو دہرایا۔ انہوں نے کسانوں کی مدد کے لیے ریاست میں قومی شاہراہوں سے متصل علاقوں میں ہزاروں امرت سروور بنانے پر آمادگی ظاہر کی۔
جناب گڈکری نے کہا کہ اگلے تین چار سال میں تلنگانہ میں دو لاکھ کروڑ روپے مالیت کے شاہراہوں کے پروجیکٹ شروع کئے جائیں گے، تاکہ Kothagudem اور Mulugu جیسے دور دراز کے ضلعوں کے ساتھ حیدرآباد کے تیز رفتار رابطے کو یقینی بنایا جاسکے۔ جناب گڈکری آج شام حیدر آباد میں ایک ہزار 600 کروڑ روپے مالیت کے مزید پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے۔ اِس سے قبل کوئلے اور کانوں کے محکمے کے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے 33 میں سے 32 ضلعے اب شاہراہوں کے ذریعہ ریاستی راجدھانی کے ساتھ منسلک ہیں اور ایسا تلنگانہ میں سڑک رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے مرکزی سرکار کی لگاتار کوششوں کی بدولت ممکن ہوسکا ہے۔
اِدھر امور داخلہ کے مرکزی وزیر مملکت سنجے کمار نے وہاں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ میں بنیادی ڈھانچے کو تقویت دینے کی مرکز کی کوششوں کو اجاگر کیا اور کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران شاہراہوں کے فروغ کے لیے سوا لاکھ کروڑ روپے کا سرمایہ پہلے ہی لگایا جاچکا ہے۔