بنگلورو میں، رائل چیلنجرس بنگلور کی IPL 2025 میں جیت کا جشن منانے کی تقریبات میں ہزاروں افراد کے جمع ہونے کے سبب چناّ سوامی اسٹیڈیم میں مچی بھگدڑ میں 11 افراد ہلاک، جبکہ ایک چھ سالہ بچی سمیت 33 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ہلاکتیں دَم گُھٹنے کے سبب ہوئی ہیں۔ بھگدڑ جیسی یہ صورتحال اسٹیڈیم کے ایک گیٹ پر پیدا ہوگئی، جہاں RCB کی ٹیم کے آنے کا امکان تھا۔ RCB ٹیم کے مداح کے بڑی تعداد میں شام سے ہی جمع ہونے لگے تھے کیونکہ وہ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی ایک جھلک پانا چاہتے تھے۔ اسٹیڈیم کے اطراف سڑکوں پر کافی بھیڑ تھی اور ٹریفک پولیس کو گاڑیوں کی بلارکاوٹ آمد و رفت کو یقینی بنانے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلورو میں پیش آئے اِس حادثے پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں جناب مودی نے کہا کہ جنہوں نے اپنے عزیزوں کو کھویا ہے، وہ اُن سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاء کی۔
اِس دوران کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ سداّ رمیاّ نے بھگدڑ میں ہلاک ہوئے افراد کے کنبوں کو 10 – 10 لاکھ روپے کی نقد امداد کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت اسپتالوں میں داخل 33 زخمی افراد کے سبھی اخراجات برداشت کرے گی۔ انہوں نے اِس واقعے کی مجسٹریٹ سطح کی انکوائری کا بھی اعلان کیا۔ x