ایوانِ بالا راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے کانگریس کی سرکردہ لیڈر سونیا گاندھی کے بارے میں مبینہ طور پر بہتان تراشی کی بناء پر مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ کے خلاف کانگریس کے پیش کردہ تحریکِ مراعات کے نوٹس کو مسترد کردیا ہے۔ کانگریس کے ممبرِ پارلیمنٹ جے رام رمیش نے جناب امت شاہ کی اِس رائے زنی پر نوٹس پیش کیا تھا کہ جب کانگریس اقتدار میں تھی تو وزیرِ اعظم کے قومی امدادی فنڈ کا کنٹرول ایک کنبے کے ہاتھ میں تھا۔
مذکورہ نوٹس کو نامنظور کرتے ہوئے، چیئرمین نے کہا کہ انہوں نے اِس کا تفصیل سے مطالعہ کیا ہے اور انہیں خلاف ورزی کا کوئی پہلو نہیں ملا۔
جناب دھنکھڑ نے جلد بازی میں تحریکِ مراعات پیش کرنے پر یہ کہتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ مراعات شکنی ایک سنگین معاملہ ہے۔ انہوں نے یہ بات دوہرائی کہ یہ ایوان لوگوں کی نیک نامی کو برباد کرنے کا پلیٹ فارم نہیں ہے۔ x