امریکہ سے حال ہی میں بھارت کے حوالے کئے گئے 26/11 ممبئی دہشت گردانہ حملے کے سرغنہ طہور حسین رانا کو آج قومی جانچ ایجنسی NIA کی خصوصی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔
عدالت نے رانا کی NIA تحویل میں 12 دنوں کی توسیع کردی ہے۔ اس سے پہلے رانا نے 18 دن NIA کی تحویل میں گزارے ہیں۔
ممبئی پولیس کے کرائم برانچ افسران کی جانب سے رانا سے دلّی کے NIA دفتر میں ہوئی تفتیش کے فوری بعد یہ سماعت ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 8 گھنٹے طویل پوچھ تاچھ کے دوران رانا نے تعاون نہیں کیا اور بہانے بازی سے کام لیا۔ امریکہ کی سپریم کورٹ کی جانب سے 4 اپریل کو بھارت حوالگی پر از سرِ نو غور کرنے کی عرضداشت مسترد کئے جانے کے بعد 26/11 ممبئی دہشت گردانہ حملے کے سازشی ڈیوڈ کولمن ہیڈلی کے قریبی ساتھی رہے رانا کو بھارت کے حوالے کیا گیا ہے۔