بھارت کے محکمہ موسمیات IMD نے ملک کے شمال مغربی حصوں میں، آئندہ چار پانچ دن کے دوران گرمی کی لہر کی صورتحال کی پیشگوئی کی ہے۔ ایجنسی نے پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، نئی دلّی، اترپردیش اور راجستھان کے مشرقی حصوں میں زیادہ گرمی کی صورتحال کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، گنگا کے مغربی بنگال کے علاقے، اڈیشہ اور تمل ناڈو میں گرم اور مرطوب موسم رہے گا۔ اسی دوران، ایجنسی نے کہا ہے کہ ملک کے جنوبی جزیرہ نما حصوں میں مانسون کے فعال ہونے کی توقع ہے، جس کے دوران شدید سے انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ، اس مہینے کی 12 سے 15 تاریخ کے دوران کرناٹک میں نیز 13 سے 15 تاریخ کے دوران کونکن اور گوا میں کسی کسی مقام پر انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ IMD نے جنوبی آسام، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں، اِس مہینے کی 13 تاریخ تک گرج چمک، بجلی چمکنے اور 30 سے 40 کلو میٹر کی رفتار سے چلنے والی تیز ہوائوں کے ساتھ کسی کسی مقام پر گرج چمک اور اوسط بارش ہونے کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا ہے کہ آئندہ دو سے تین دنوں کے دوران وسطی اور مشرقی بھارت میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں ہوگی۔
امکان ہے کہ قومی راجدھانی میں گرمی کی لہر کی صورتحال جاری رہے گی جہاں درجۂ حرارت بڑھ کر43 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ہو رہا ہے۔ IMD کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 43 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ معمول سے تین اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔ کم سے کم درجۂ حرارت معمول کی سطح پر 27 اعشاریہ چھ ڈگری سیلسیس رہا۔