اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے آج، اُترکاشی ضلعے میں شدید بارش سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا اور تباہی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انھوں نے کہا کہ حکومت راحت کا کام تیز رفتاری سے انجام دے رہی ہے تاکہ متاثرہ لوگوں تک ضروری امداد بروقت پہنچ سکے۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے یمنوتری کے راستے پر سِلائی بند علاقے کے نزدیک شدید بارش اور زمینی تودے گِرنے سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے آج فضائی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران، انھوں نے سڑکوں، پُلوں، زرعی زمین اور رہائشی علاقوں کے نقصانات کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کی اصل صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد راحت اور بچائو کارروائی کا ایک بار پھر جائزہ لیا جائے گا۔ انھوں نے NDRF، SDRF اور ضلع انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔ انھوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ بے گھر کنبوں کیلئے وافر شیلٹرز، خوراک، طبی امداد اور دیگر لازمی سامان کو یقینی بنائیں۔
ہماچل پردیش میں مانسون کی شدید بارش جاری ہے۔ پچھلے 24 گھنٹے میں، ہمیرپور ضلعے میں آگھار کے مقام پر 110 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو ابھی تک کی سب سے زیادہ بارش ہے۔
اِسی دوران، منڈی اور چمبا ضلعوں میں بادَل پھٹنے کے واقعات پیش آئے ہیں، جس کی وجہ سے معمول کی زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے دس ضلعوں میں اگلے 24 گھنٹے کے دوران، شدید بارش اور اچانک سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔ اس پیشگوئی کے سبب لوگوں کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ہماچل پردیش کے زیادہ تر علاقوں میں آج بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والی ریاستی اتھارٹی کے مطابق 20 جون سے لے کر اب تک 16 دن میں ریاست میں بادَل پھٹنے کے 14 واقعات رونما ہوچکے ہیں اور شدید بارش کے سبب آٹھ مرتبہ اچانک سیلاب آچکا ہے۔بارش سے متعلق واقعات میں 78 لوگوں کی جان جاچکی ہے، 121 افراد زخمی ہوچکے ہیں اور 37 اب بھی لاپتہ ہیں۔منڈی ضلع، قدرتی آفات سے، سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 20 اموات ہوئی ہیں، 31 لوگ لاپتہ ہیں اور 142 مکانات پوری طرح تباہ ہوگئے ہیں۔ ضلعے میں راحت اور بازآبادکاری کی کوششیں جنگی پیمانے پر جاری ہیں۔اِسی دوران، شملہ میں موسمیات کے مرکز نے کانگڑا، منڈی اور سِرمور ضلعوں میں شدید بارش کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ لاہول-اسپتی اور کِنَّورکو چھوڑ کر سبھی ضلعوں میں اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
Site Admin | July 6, 2025 9:47 PM
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے آج، اُترکاشی ضلعے میں شدید بارش سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کیا اور تباہی کی صورتحال کا جائزہ لیا
